لکھنؤ، 11جنوری (آئی این ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے اور سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی ایک متنازعہ بیان کے باعث قانونی گرفت کے شکنجہ میں ہیں۔
ہفتے کو امیٹھی میں پنچایتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں آئے ہوئے سومناتھ نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ’ہم یوپی میں اسکولوں اور اسپتالوں کا معائنہ کررہے ہیں،ہر جگہ خستہ حالی ہے، یوپی کے اسپتالوں میں بچے پیدا ہورہے ہین، لیکن کتے کے بچے پیدا ہو رہے ہیں‘۔
واضح ہو کہ اس بیان سے ’لوگوں‘ میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ہرپال پور کے رہائشی شوباتھ ناتھ ساہو نے ایم ایل اے کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ امیٹھی پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد سومناتھ بھارتی کو رائے بریلی گیسٹ ہاؤس سے گرفتار کرلیا ہے۔
جگ دیش پور پولیس آفیسر راجیش سنگھ نے بتایا کہ سومناتھ بھارتی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 505، 153 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔آپ کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے یوپی میں 2022 کے اسمبلی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے، اس سے قبل پارٹی پنچایت انتخابات میں حصہ لینے جارہی ہے۔
جمعہ کے روز سومناتھ انتخابی تیاریوں کے لئے دو روزہ دورے پر امیٹھی پہنچے تھے۔ بھارتی کو امیٹھی کے علاوہ پریاگراج اور رائے بریلی اضلاع کا چارج دیا گیا ہے۔ اس دوران انہوں نے کجریوال ماڈل اور یوگی حکومت کی پالیسیوں کا موازنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بجٹ 60 ہزار کروڑ ہوچکا ہے اور ہم اس ماڈل کو یوپی میں متعارف کرائیں گے۔ یوپی حکومت کے پاس یوپی میں لڑکیوں کی حفاظت کے لئے پولیس نہیں ہے، لیکن اسکولوں کی کوئی تصویر نہ لے لے، اس کے لئے انہوں نے پولیس لگادیا ہے۔ ہمارے ایم ایل اے یوپی کے 75 اضلاع میں گھوم رہے ہیں،یہاں کے اسپتال کا معائنہ کرر رہے ہیں۔ اس خستہ حالی میں اسپتالوں میں بچے پیدا ہو رہے ہیں، لیکن کتوں کے بچے پیدا ہو رہے ہیں۔
سومناتھ بھارتی نے یہ بیان کیوں دیا، اس کا انکشاف انہوں نے رائے بریلی ضلع میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں وہ ضلع الٰہ آباد گئے تھے، وہاں ایک سرکاری اسپتال کے چارپائی پر مریضوں کے ساتھ کتے بیٹھے تھے،اور وہاں کتے کے بچے ٹہلتے ہوئے نظر آئے تھے۔